باران رحمت کیلئے عیدگاہ میدان میدک پر نماز استسقاء

   

میدک ۔ 18 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وقف بورڈ کی ہدایت پر بارانِ رحمت اور خشک سالی سے نجات کے لیے آج میدک عیدگاہ میں نمازِ جمعہ کے بعد سہ پہر 3:30 بجے نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شہر اور اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور بارشِ رحمت کے لیے گڑگڑا کر دعائیں کیں۔نمازِ استسقاء کی امامت جامع مسجد میدک کے امام و خطیب الحاج سید خواجہ معزالدین نے کی۔ نماز کے بعد ملک و ملت کی سلامتی، بارانِ رحمت، رزق میں برکت اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس سے قبل مدرسہ مدینۃ العلوم کے ناظم الحاج محمد جاوید علی حسامی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو تقویٰ، سنتِ نبویؐ اور دینی احکامات پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کی زندگی کا ہر پہلو رسولِ اکرم ؐ کی تعلیمات اور سنتوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبِ نصاب افراد پر لازم ہے کہ وہ زکوٰۃ بروقت اور مکمل طور پر ادا کریں، محض علی الحساب ادائیگی پر اکتفا نہ کریں۔ شرکاء نے انتہائی عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے رحمت کی بارش نازل فرمانے کی دعا کی۔اس موقع پر صدر عیدگاہ کمیٹی محمد عارف حسین میدک ، مسلم اسوسی ایشن قائدین ومعززین مسز ڈاکٹر عمرخان، ڈاکٹر شجاعت علی صوفی، سید سعادت علی صوفی، محمد فاضل، مجیب راجہ، محمد صوفی جانی، ڈاکٹر یوسف، ڈاکٹرالحاج سید جعفر محی الدین، ڈاکٹرمیر عابد علی، شجیع الدین قابل، الحاج خورشید احمدکے علاوہ مصلیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔