بارش نے 1992 ورلڈ کپ کا ریکارڈ توڑدیا

   

لند ن ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ بارش کی نذر ہونے ساتھ ہی ایونٹ میں نیا عالی ریکارڈ بن گیا اور 1992 کے ورلڈ کپ کا عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ کے سبب بارش سے ٹورنمنٹ کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور برسٹل میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا جس کے سبب دونوں ٹیموں ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ یہ اب تک ورلڈ کپ میں بارش کی نذر ہونے والا تیسرا میچ ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مزید میچوں کے بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اب تک کسی بھی ورلڈ کپ سب سے زیادہ بارش کی نذر ہونے والے میچوں کی تعداد محض دو تھی لیکن اس ورلڈ کپ میں یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے 1992 اور افریقہ میں کھیلے 2003 کے ورلڈ کپ میں دو میچ بارش کی نذر ہوئے تھے۔ یہ برسٹل میں بارش کی نذر ہونے والا لگاتار دوسرا میچ جہاں اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بھی اسی میدان پر مقررہ میچ بے نتیجہ رہا تھا۔اس کے علاوہ ساؤتھیمپٹن میں کھیلا گیا ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بھی 7.3 اوورز کے کھیل کے بعد ختم کردیاگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔10 ٹیموں پر مشتمل یہ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن کی بنیاد پر کھیلا جا رہا ہے لیکن اس میں کسی بھی راؤنڈ میچ کے لیے متبادل دن نہیں رکھا گیا لہٰذا بارش کی نذر ہونے والے تمام میچ بے نتیجہ رہیں اور اس صورت میں ہر ٹیم کو ایک پوائنٹ دوسری ٹیم کے ساتھ بانٹنا ہو گا۔