بارٹی کی سنسنی خیز مقابلہ میں کامیابی،ہالیپ کی پیشقدمی

   

میامی : طیاروں کے منسوخ ہونے کے بعد آسٹریلیائی ٹینس اسٹار ایش بارٹی کو اپنے آبائی وطن آسٹریلیا سے فلوریڈا تک رسائی کیلئے 45 گھنٹوں کا سفر کرنا پڑا جس کے بعد وہ ٹینس ٹورنمنٹ میں شرکت کرپائی ہیں اور اس کے بعد یہاں منعقدہ مقابلہ میں انہوں نے امکانی شکست کو شاندار کامیابی میں تبدیل کیا۔ سرفہرست آسٹریلیائی کھلاڑی بارٹی نے فیصلہ کن سیٹ میں میچ پوائنٹ کو بچاتے ہوئے ٹورنمنٹ کی کوالیفائر کھلاڑی کرسٹینیا کوکوا کو 6-3,4-6,7-5 سے شکست دی۔ بارٹی جنہوں نے یہاں 2019ء میں میامی اوپن خطاب حاصل کیا تھا وہ اس مقابلہ کے آخری سیٹ میں 5-2 سے پیچھے رہنے کے بعد میچ پوائنٹس کو محفوظ کیا اور حریف کی ناقص سرویس کا پورا فائدہ اٹھایا۔ آخری گیم میں وہ 0-40 سے پیچھے تھی لیکن اس موقع پر بھی انہوں نے سلواکیہ سے تعلق رکھنے والی عالمی درجہ بندی میں 149 ویں مقام پر موجود کرسٹینا کو شکست دی۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے ہمیں آخری لمحہ تک ہار نہ ماننے کا ایک پیغام دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں 31 ویں مقام کی کھلاڑی کوکوگاف کو انستسیا نے 1-6,6-2,6-3 سے شکست دی۔ دریں اثناء عالمی نمبر تین سیمونا ہالب بھی مقابلہ میں پیچھے رہنے کے باوجود کیرولینا گارشیا کو 3-6,6-4,6-0 سے شکست دینے میں کامیاب رہی ہیں۔