ماسکو۔ روسی عدالت نے امریکی باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرینر کی جانب سے منشیات رکھنے کے مقدمے میں دائرکی گئی اپیل کو مستردکردیا اور اس کی نو سال قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔ پولیس نے دو بارکے اولمپک گولڈ میڈلسٹ گرینرکو 17 فروری کو ماسکو کے ایرپورٹ پر بھنگ کے تیل پر مشتمل الیکٹرانک سگریٹ استعمال کرنے پرگرفتارکیا، جس پر روس میں پابندی ہے۔ 4 اگست کو اسے نو سال قید کی سزا سنائی گئی۔گرینرکو ماسکو کے باہر نووائے گرشینو میں واقع اس کے حراستی مرکز سے دارالحکومت کے قریب کراسنوگورسک میں اپیل کورٹ کے ججوں کے سامنے ایک ویڈیو بیان دینے کی اجازت دی گئی۔ گرینر نے اس بات پر زور دیا کہ اس کے لیے آٹھ ماہ تک حراست میں رہنا اور دو ٹرائلز سے گزرنا کتنا دباو تھا۔ اس نے کہا کہ میں نے بمشکل مقررہ مقدار (بھنگ کے تیل کی) سے تجاوزکیا۔ جن لوگوں نے زیادہ سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ان کو مجھ سے کم (سزا) دی گئی۔ گرینر نے عدالت کے فیصلے سے پہلے غلطی کے لیے معافی مانگی۔