باغ عامہ میں 3 دیسی ساختہ بندوق برآمد

   

بیرونی افراد کی جانب سے چھپائے جانے کا شبہ
حیدرآباد : /21 اکٹوبر (سیاست نیوز) باغ عامہ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب جھاڑیوں کی صفائی کے دوران 3 دیسی ساختہ ہتھیار برآمد ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ باغبانی سے وابستہ ملازمین باغ عامہ کی صفائی میں مصروف تھے کہ انہیں اچانک ایک پلاسٹک کا کور دستیاب ہوا اور اسے کھولنے پر 3 دیسی ساختہ بندوق برآمد ہوئے ۔ تشویش کا شکار ملازمین نے فوری مقامی سیف آباد پولیس اسٹیشن کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا ۔ جس کے نتیجہ میں انسپکٹر سیف آباد پولیس اسٹیشن کے ستیہ اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچے اور برآمد شدہ ہتھیاروں کا معائنہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ باغ عامہ میں دستیاب ہتھیاروں میں دو دیسی ساختہ ریوالور اور ایک پستول شامل ہے جو زنگ آلود ہوگئے ۔ پولیس کی ٹیم نے ہتھیاروں کو برآمد کرکے ایک مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہے ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ دوسری ریاستوں سے وابستہ بعض افراد نے یہ ہتھیار شہر منتقل کرنے کے بعد اسے باغ عامہ کی جھاڑیوں میں چھپادیا ۔ پولیس نے بتایا کہ برآمد ہتھیاروں کو فارنسک لیباریٹری بھیجا جارہا ہے تاکہ مزید تفصیلات حاصل کی جاسکیں ۔