بالوں کی حفاظت

   

بالوں کو شیمپو کرنے کی بنیادی ضرورت سر اور بالوں کی صفائی سر انجام دینا ہے۔لیکن اس بنیادی ضرورت کی تکمیل کے علاوہ یہ احتیاط بھی ملحوظ خاطر رکھنے کی ضرورت ہے کہ دوران صفائی آپ کے بالوں کی فطرتی چکنائی بھی متاثر نہ ہو اور آپ کے بالوں کی صحت پر کوئی حرف نہ آئے۔

آپ کے شیمپو میں ایسے اجزا شامل ہونے چاہیں جو آپ کے بالوں کی کنڈیشنگ سر انجام دیں اور انہیں گھنا اور ملائم بنائیں اور شیمپو کرنے کے بعد آپ کے بال الجھنے سے محفوظ رہ سکیں۔
شیمپو کے استعمال کے سلسلے میں مد نظر رکھی جانے والی احتیاطیں:شیمپو کرنے سے قبل اپنے بالوں کو کنگھی کرنی چاہیے۔اس عمل کی بدولت بالوں میں پھنسی ہوئی آلودگی نکلنے کے علاوہ ان کا الجھاؤ بھی دور ہو جائے گا۔نیم گرم پانی کے ساتھ شیمپو کریں کیونکہ زیادہ گرم پانی آپ کے بالوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔شیمپو کرنے سے قبل اپنے بالوں کو گیلا کرنا نہ بھولیں۔بالوں کو گیلا کرنے کے بعد اپنی انگلیوں کی پوروں کے ذریعے تھوڑا سا شیمپو آہستہ آہستہ مساج کرتے ہوئے بالوں کی جڑوں تک لگائیں۔شیمپو کرنے کے دوران اپنے بالوں کو سختی کے ساتھ ہر گز نہ رگڑیں۔شیمپو کرنے کے بعد بالوں کو بخوبی دھولیں اور شیمپو کی قلیل سی مقدار بھی آپ کے بالوں میں باقی نہیں رہنی چاہیے۔اگر ضرورت محسوس ہوتو دوسری مرتبہ بھی شیمپو کیا جا سکتا ہے۔بالوں دھونے کے بعد ان پر تولیہ لپیٹ لیں تا کہ فاضل پانی اس میں جذب ہو جائے اور ما بعد ان کی کنڈیشنگ کریں۔