بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور کا کورونا ٹسٹ مثبت ، کئی بی جے پی قائدین پروگرام میں شریک

,

   

وسندھرا راجے اور فرزند دشانت بھی زد میں ، 100 سے زیادہ اہم شخصیتیں ہائی پروفائل پارٹی کا حصہ ، لکھنؤ میں افراتفری

لکھنو،20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندی فلموں کی گلوکارہ بے بی ڈول اور چٹیاں کلیاں سے مقبول کنیکا کپور بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد ریاستی دارالحکومت میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ پوری ریاست اترپردیش میں ابھی تک 23 مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ کنیکا کپور حال ہی میں لندن سے واپس آئی تھی اور انہوں نے گزشتہ اتوار کو لکھنو میں 100 افراد کو پارٹی بھی دی تھی۔ جمعرات کو ان کی طبی جانچ کی گئی تو رپورٹ مثبت پائی گئی۔ انہیں کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس ہائی پروفائل والی پارٹی میں بی جے پی کے کئی قائدین نے شرکت کی تھی ۔ گلوکارہ کا کورونا وائرس ٹسٹ پازیٹیو نکلنے کے بعد پارٹی میں شریک کئی قائدین میں افراتفری پھیل گئی ہے ۔ لکھنؤ میں منعقدہ گلوکار کی اس پارٹی میں بی جے پی لیڈر ، سابق چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور ان کے فرزند دشانت سنگھ بھی شریک تھے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لندن سے آنے کے بعد گلوکارہ کنیکاکپور نے سابق رکن پارلیمنٹ اکبر احمد ڈمپی کی ڈالی باغ میں واقع رہائش گاہ پر ایک ہائی پروفائل پارٹی میں شریک ہوئی تھیں ۔ اس پارٹی میں 100 سے زیادہ اہم شخصیات بھی شامل تھیں جن میں کئی بڑے سیاستداں ، بڑے عہدیدار اور ججس بھی تھے ۔ کنیکاکپور کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو آنے کے بعد سابق چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے نے خود کو الگ تھلگ (ایسولیٹ) کرلیا ہے ۔ وہیں ان کے فرزند دشانت سنگھ نے بھی اپنا کورونا ٹسٹ کروایا ہے جو ابھی منفی آیا ہے ۔ علاوہ ازیں جتن پرساد بھی ایسولیشن میں چلے گئے ہیں ۔ گلوکارہ کی اس پارٹی میں شامل سبھی افراد کو بھی الگ تھلگ رکھنے کی بات کی جارہی ہے ۔ وسندھرا راجے نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ کچھ دنوں پہلے دشانت اور ان کے سسرال والوں کے ساتھ میں لکھنؤ میں ایک ڈنر پر گئی تھی ۔ کنیکا کپور جو کہ COVID-19 سے متاثرہ پائی گئی ہیں وہ بھی اس ڈنر میں بطور مہمان موجود تھیں ۔ ان سے ملاقات کرنے والوں کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ لوگ بھی کورونا وائرس کی زد میں آسکتے ہیں ۔ اس لئے میں نے احتیاطی طور پر خود کو الگ تھلگ کرلیا ہے اور دشانت نے بھی سیلف ایسولیشن میں گئے ہیں ۔ 41 سالہ گلوکارہ کے والدراجوکپور نے کہا کہ لندن سے آنے کے بعد ان کی بیٹی نے 3 پارٹیوں میں شرکت کی ۔