باہمی تعلقات مذہبی جذبات سے بالاتر : پاکستان

   

اسلام آباد ، 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مذہبی جذبات سے بالاتر ہوتے ہیں، جس کے ساتھ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو یو اے ای کی جانب سے اس خلیجی مملکت کا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ عطا کئے جانے کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قریشی کا تبصرہ پاکستان کے سنیٹ چیرمین صادق سنجرانی کی جانب سے اتوار کو یو اے ای کو اپنا سرکاری دورہ منسوخ کردینے کے تناظر میں سامنے آیا ۔ ایک روز قبل ہی وزیراعظم مودی کو یو اے ای کے اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’آرڈر آف زاید ‘سے نوازا گیا تھا ۔ صادق 25تا 28 اگسٹ پارلیمانی وفد کے ساتھ امارات کا دورہ کرنے والے تھے ۔ انھوں نے یہ سفر اس لئے منسوخ کیا کیوں کہ پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے جموںو کشمیر کو دیئے گئے خصوصی درجہ کو منسوخ کرتے ہوئے اس ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کردینے پر کشمیری عوام کی بھرپور تائید و حمایت کا اظہار کیاہے۔ اخبار ڈان نے رپورٹ دی کہ قریشی نے یو اے ای کے ایوارڈ کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی کو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے کیلئے اُن کی کوششوں کے اعتراف کے طورپر حاصل ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یو اے ای ہو یا کوئی دیگر ملک اُسے اپنی پسند کے ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات قائم کرنے اور برقرار رکھنے کا حق حاصل ہے ۔ بین الاقوامی تعلقات مذہبی جذبات سے پرے ہوتے ہیں ۔ امارات اور انڈیا سرمایہ کاری کے سلسلے میں باہمی تعلقات کی تاریخ رکھتے ہیں ۔