برازیل ڈیم حادثہ : مہلوکین کی تعداد 110 ہوگئی

   

ریو ڈی جینریو ، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے جنوب مشرقی مناس گییرائس صوبے میں کان کنی کے ڈیم حادثے میں مرنے والے افراد کی تعداد 110 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 238 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ریاست کے شہری سیکورٹی حکام نے یہ اطلاع دی ہے ۔میامی ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق 110 متاثرین میں سے 71 کی شناخت کی گئی ہے ۔چہارشنبہ کو 175 افراد کو محفوظ طریقے سے نکالا گیا تھا۔میناس گیرائس صوبے کے شہری تحفظ کے ڈپٹی کوآرڈینٹر فلاویوگوڈینیو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘‘نکالے جانے والوں کی تعداد کم ہو ئی ہے کیونکہ کچھ خدمات بحال کردی گئی ہیں اور کچھ لوگ اپنے مکانات میں واپس آ گئے ہیں’’۔علاقے میں بھاری بارش کے آثارکی وجہ سے جمعرات کی دوپہر کو بچاؤ کی کوششیں بند کردی گئیں تاہم، بارش نہیں ہوئی اور بچاؤ کی کوششوں کو دوبارہ شروع کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق، برازیل کی تاریخ میں سب سے بدترین مانے جانے والا حادثہ گزشتہ جمعہ کو اس وقت ہوا جب برازیل میں کان کنی کمپنی ویلے کی ملکیت والے کان کے ڈیم ٹوٹ گئے اور 1.3 کروڑ مکعب میٹر کیچڑ نیچے پھیل گیا۔