برطانیہ معاشی تناؤ کا شکار : وزیراعظم سونک

,

   

میری تمام تر توانائی عوام کیلئے وقف ہوگی، کنگ چارلس سے ملاقات
لندن : کنزرویٹیو پارٹی کے لیڈر اور نومنتخب ہندوستانی نژاد وزیراعظم رشی سونک نے منگل کو کنگ چارلس سوم سے بکنگھم پیالس میں ملاقات کی اور اِس کے بعد وہ باقاعدہ وزیراعظم قرار پائے۔ اُنھوں نے بعدازاں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں اعتراف کیاکہ برطانیہ معاشی تناؤ سے دوچار ہے چنانچہ معاشی استحکام اُن کے ایجنڈہ میں مقدم ہے۔ وہ اپنے اقدامات کے ذریعہ اپنی ترجیحات کا اظہار کریں گے۔ اُنھوں نے عہد کیاکہ اُن کی تمام تر توانائی عوام کے لئے وقف ہوگی اور وہ عوام کی توقعات پر پورے اُتریں گے۔ 42 سالہ سونک زائداز دو صدیوں میں برطانیہ کے سب سے کم عمر وزیراعظم بنے ہیں۔ 7 ہفتوں میں وہ تیسرے وزیراعظم بنے جبکہ بورس جانسن کے استعفیٰ کے بعد لیز ٹرس میں وزارت عظمیٰ کا جائزہ حاصل کیا تھا لیکن ٹرس اندرون دو ماہ اِس عہدہ کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئیں کیوں کہ معاشی محاذ پر اُن کے اقدامات کا اُلٹا اثر ہوا جس کے نتیجہ میں پاؤنڈ کی قدر گھٹ گئی۔ چنانچہ رشی سونک دوبارہ کنزرویٹیو پارٹی کے لیڈر منتخب ہوئے اور تاریخی تبدیلی میں یہ عہدہ سنبھالا ہے۔