کانگریس کے احتجاج کے سبب دھان کی خریدی، بھٹی وکرامارکا کی عوامی پدیاترا جاری
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کے فیصلہ کو کسانوں کی کامیابی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے مسلسل احتجاج اور عوامی پدیاترا کے نتیجہ میں حکومت دھان کی خریدی پر مجبور ہورہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے اپنی عوامی پدیاترا کے 19ویں دن مدھیرا اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کل رات کولا کوٹا گاؤں میں شب بسری کی اور آج نارائن پورم، چنا بروا پلی، براہمینا پلی اور دیگر مواضعات میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ شدید گرمی اور دھوپ کی شدت کے باوجود جگہ جگہ عوام نے والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے دھان کی خریدی کے فیصلہ میں تاخیر پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 30 فیصد دھان کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب اور متوسط طبقات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی برقی شرحوں سے دستبرداری تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے احتجاج کے نتیجہ میں کے سی آر حکومت دھان کی خریدی پر مجبور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر نے عوامی وعدوں کی تکمیل کے بجائے عوام پر اضافی بوجھ عائد کیا ہے۔ ماہانہ 450 روپئے برقی بل ادا کرنے والے افراد کو اضافی شرحوں کے ساتھ 1200 روپئے کا بل جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پدیاترا کے دوران مختلف سماجی اور دلت تنظیموں نے بھٹی وکرامارکا سے اظہار یگانگت کیا۔ر