برقی پراجکٹس میں دھاندلیوں پر 100 دن میں رپورٹ کی پیشکشی

   

جسٹس ایل نرسمہا ریڈی کی برقی عہدیداروں سے ملاقات
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) تھرمل پاور پلانٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں اور چھتیس گڑھ سے ریاست کو برقی کی سربراہی کیلئے پاور پرچیزمعاہدات پر تحقیقات کرنے والے جسٹس ایل نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے اور 100 دنوں میں وہ اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اس معاملہ کی جانچ کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے تھرمل پراجکٹس کی تعمیر اور چھتییس گڑھ سے برقی خریدی کے معاہدات کی جانچ کیلئے جسٹس ایل نرسمہا ریڈی کی قیادت میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا ہے۔ جسٹس نرسمہا ریڈی نے آج بی آر کے بھون میں ٹرانسکو اور جینکو کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سید علی مرتضیٰ رضوی، ٹرانسکو کے جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر سرینواس راؤ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ تقریباً دو گھنٹے تک اجلاس منعقد کیا۔ جسٹس نرسمہا ریڈی نے برقی خریدی معاہدات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یادادری تھرمل پاور پلانٹ، بھدرادری تھرمل پاور پلانٹ اور چھتیس گڑھ کے برقی ادارہ سے کئے گئے معاہدہ کے سلسلہ میں فیصلوں کی جانچ کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بارے میں عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو مکتوب روانہ کئے جائیں گے تاکہ ان کی رائے حاصل کی جاسکے۔ عوام سے بھی اس بارے میں رائے حاصل کی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی سے تفصیلات حاصل ہوسکتی ہیں انہیں نوٹس جاری کی جائے گی۔1