بستی دواخانوں اور پبلک ہیلت سنٹرس کو ٹیلی میڈیسن فراہم کرنے کے اقدامات

   

امراض کی تشخیص کا ریکارڈس جمع کرنے اور سہولتیں فراہم کرنے پر غور
حیدرآباد۔26اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود بستی دواخانوں اور عوامی مراکز صحت میں ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیلی میڈیسن سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کی جانب سے چند ماہ قبل اس سلسلہ میں منصوبہ بندی کرتے ہوئے بستی دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تشخیص اور ان کے ریکارڈ س کو جمع کرنے کے علاوہ ان میں پائے جانے والے امراض کی تفصیلات رکھتے ہوئے انہیں معیاری تشخیص کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا تھا اور اب اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود282 شہری مراکز صحت کے علاوہ 85اربن ہیلت پوسٹ پر ٹیلی میڈیسن سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے شہر کے بستی دواخانوں میں مختلف معائنوں کی سہولت فراہم کرنے کے بعد جن مریضوں کو فوری طور پر علاج و معالجہ یا شریک دواخانہ کئے جانے کی ضرورت ہوتی ہے انہیں گاندھی یا عثمانیہ دواخانہ سے رجوع کیا جا رہاہے لیکن اب جو منصوبہ تیا رکیا گیا ہے اس کے مطابق محکمہ صحت شہر کے سرکردہ دواخانوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرس اور ماہر اطباء کی ٹیلی میڈیسن کے لئے خدمات حاصل کرتے ہوئے بستی دواخانوں یا شہری مراکز صحت میں موجود ڈاکٹرس سے ٹیلی میڈیسن رابطہ کے ذریعہ ادوایات کی تجویز کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے عوارض گردہ ‘ عوارض قلب‘امراض شکم و امراض جگر کی عاجلانہ تشخیص کو یقینی بنانے کے لئے اس سہولت کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ کسی بھی مریض میں پائی جانے والی علامات کی بنیاد پر اس کے معائنوں کے ذریعہ ابتدائی مرحلہ میں ہی مرض کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے علاج کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق اعضائے رئیسہ قلب‘ دماغ‘ جگر ‘ گردے کے علاوہ شکم سے متعلق کئی امراض ایسے ہیں جن کی عاجلانہ نشاندہی اور علاج کے ذریعہ اسے جڑ سے ختم کیا جاسکتا ہے لیکن اگر مرضـ شدت اختیار کرجاتا ہے تو ایسی صورت میں طویل مدتی علاج کی ضرورت پڑتی ہے۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ اگر ٹیلی میڈیسن کی سہولت کے ذریعہ ماہرین امراض کی نگرانی میں بستی دواخانوں اور مراکز صحت میں موجود ڈاکٹرس کے ذریعہ ادویات کی تجویز کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں متعلقہ امراض کے ماہر ڈاکٹرس اپنے کلینکس کے علاوہ جہاں کہیں خدما ت انجام دے رہے ہیں وہیں سے مریض کے لئے ادویات تجویز کرسکتے ہیں۔م