بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کا کیسرپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا حکم

   

اسلام آباد، 24 اپریل (یو این آئی)سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے بنی گالہ سب جیل میں قید کے دوران ان کے بنیادی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر تک سابق خاتون اول کے ٹیسٹ کرواکر طبی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ڈان نیوز کے مطابق سماعت کے آغاز پر سرکاری وکیل عبد الرحمن نے ایڈووکیٹ جنرل کی غیر حاضری پر عدالت سے معذرت کرلی، انہوں نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل آج یہاں نہیں ہیں ، میں دوبارہ معذرت کرتا ہوں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ حکم کی عدم تعمیل پر برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ہم نے ایڈووکیٹ جنرل کو کہا تھا کہ ہمارے پچھلے حکم کی تعمیل کریں، ہمارے احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو فوری طلب کر لیا۔