بلدی انتخابات کا شیڈول خامیوں سے پر ‘ ٹی آر ایس کو فائدہ

,

   

کانگریس امیدواروں کو دھمکایا گیا ۔ مقدمے درج کئے گئے ۔ اتم کمار ریڈی کا دعوی
حیدرآباد / حضور نگر 17 جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر این اتم کمار ریڈی نے ریاست کے بلدی انتخابات کا شیڈول خامیوں سے پر رہنے کا ادعا کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کی اجارہ داری کی وجہ سے پارٹی کچھ حلقوں میںامیدوار نامزد نہیں کرپائی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اعلامیہ کی اجرائی اور نامزدگیوں میں معمولی سا فرق رکھا گیا تھا جس کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں مناسب امیدواروں کو قطعیت نہیں دے سکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ٹی آر ایس کو وارڈز کے تحفظات کا پہلے سے علم تھا اس لئے اس نے اس کا غیرواجبی فائدہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے کانگریس پارٹی ہائیکورٹ سے رجوع ہوئی تھی اور انتخابی شیڈول کو چیلنج کیا گیا تھا اور اعلامیہ کی اجرائی و نامزدگیوں کے ادخال میں وقت مانگا تھا تاہم اس مسئلہ کو حل نہیں کیا جاسکا ۔ انہوں نے ریاستی وزیر کے ٹی راما راو کے اس بیان کی مذمت کی کہ کانگریس پارٹی 500 حلقوں سے امیدوار نامزد نہیں کرسکی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابی عمل ٹی آر ایس حکومت کی ایما پر تیار کیا گیا ہے اور ٹی آر ایس نے اس کا فائدہ اٹھایا ہے یہ کانگریس کی کمزوری نہیں ہے ۔ اتم کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین مقامی پولیس کی مدد سے کانگریس قائدین کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے روک رہے ہیں اور لالچ دیا جا رہا ہے ۔ جن امیدواروں نے انتخابات کیلئے اپنے پرچے داخل کئے ہیں انہیں پولیس کی موجودگی میں ماراپیٹا گیا اور پرچے واپس لینے مجبور کیا گیا۔ کئی کانگریسیوں نے انکار کیا تو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔کچھ اخبارات میں ان واقعات کی تصاویر کے ساتھ خبریں بھی شائع ہوئی ہیں۔ الیکشن کمیشن سے بھی اس معاملہ کی شکایت کی گئی تھی لیکن حسب روایت کمیشن نے ٹی آر ایس کے حق میں کام کیا ہے ۔