بلی جین کنگ کپ ورلڈ گروپ پلے آف ٹینس مقابلے

   

ٹیم انڈیا کا انکیتا رائنا اور ثانیہ مرزا پر انحصار

نئی دہلی ۔ آئندہ ماہ ہونے والے بلی جین کنگ کپ ورلڈ گروپ پلے آفس میںہندوستان نے لاتویا کے خلاف پانچ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں ملک کی بہترین سنگل کھلاڑی انکیتا رائنا اور سینئر اسٹار ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں۔ پانچ رکنی ٹیم میں کرمن کور تھنڈی ‘ نوجوان زیل دیسائی اور رتوجا بھوسالے بھی شامل ہیں۔ آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن سلیکشن کمیٹی نے آج ایک ورچول اجلاس کے بعد ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔ گذشتہ سال ٹیم میں شامل کی گئی ریا بھاٹیہ کو ٹیم کیلئے ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور وشال اپل ٹیم کے کپتان ہونگے ۔ ڈیوس کپ کے برخلاف بلی جین کنگ کپ ورلڈ پلے آفس میں ڈبلز مقابلے سب سے آحر میں کھیلے جاتے ہیں جبکہ ڈیوس کپ میں دو سنگل مقابلوں کے بعد ڈبلز میچ کھیلا جاتا ہے ۔ اس سوال پر کہ ریا بھاٹیہ کی بجائے زیل ریسائی کو کیوں ترجیح دی گئی سلیکشن کمیٹی کے ذرائع نے کہا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کی شمولیت کے فیصلے سے قبل ان کے نتائج اور کارکردگی کو ذہن میں رکھا گیا تھا ۔ حالانکہ ریا بھاٹیہ فی الحال ہندوستان میں انکیتا کے بعد دوسری بہترین کھلاڑی ہیں لیکن زیل چونکہ فی الحال اچھے فارم میں ہیں اور ان کے نتائج بھی بہتر رہے ہیں اس لئے انہیں موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو ذہن نشین رکھتے ہوئے بھی کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیل بہترین ٹینس کھیلتی ہیں اور مخالفین کو دباو میں ڈالنے میں وہ اکثر کامیاب ہوتی ہیں۔ ایسے فارمٹ میں جہاں آپ کو چار سنگلز مقابلے پہلے کھیلنے ہیں ابھرتی ہوئی اور نوجوان کھلاڑی کو موقع دینا زیادہ بہتر سمجھا گیا ہے ۔ بہترین کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ کرمن کور کا جہاں تک تعلق ہے وہ بھی بہترین کھیلتی ہیں اور مخالفین کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ کرمن گذشتہ موقع پر زخمی ہونے کی وجہ سے جگہ نہیں بنائی تھیں ۔ اب انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع ملا ہے ۔ لاتویا میں یہ مقابلے انڈور کورٹ میں کھیلے جانے والے ہیں۔ ہندوستان ورلڈ گروپ پلے آف کیلئے ایشیا / اوشیانا گروپ میںدوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے ۔