میدک۔17 جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) پروگرام کی کامیابی میں بوتھ لیول افسران (بی ایل اوز) کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور درست ووٹر فہرستوں کی تیاری کے لیے تمام افسران ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کا عمل 25 جون سے شروع ہوگا، جس کا بنیادی مقصد متوفی افراد، مستقل طور پر نقل مکانی کر جانے والوں اور ڈپلیکیٹ ووٹوں کو حذف کرکے شفاف ووٹر فہرست تیار کرنا ہے۔کلکٹر نے کہا کہ 25 جون سے 24 جولائی تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے دوران ہر بی ایل او اپنے دائرہ کار کے تمام گھروں کا دورہ کرے گا اور ووٹروں کی تفصیلات جمع کرے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بھارت الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ڈیکلریشن فارم ہر ووٹر تک پہنچائے جائیں اور ان کی وصولی کا اعترافی ثبوت لازمی طور پر حاصل کیا جائے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر اہل ووٹر کا نام ووٹر فہرست میں شامل کیا جائے اور کسی بھی اہل فرد کا ووٹ حذف نہ ہونے پائے۔ الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ایس آئی آر پروگرام کو کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بْوتھ لیول افسران گھر گھر جاکر اینیومریشن فارم تقسیم کریں گے اور موصولہ معلومات کی بنیاد پر 31 جولائی کو ووٹر فہرست کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔