بودھن کے بے گھر افراد کو پلاٹ فراہم کرنے کا ا علان

   

مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے بھی دئے جائیں گے ، رکن اسمبلی شکیل عامر کی پریس کانفرنس
بودھن یکم / مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن نے آج یہاں اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بودھن کے 1500 افراد جن کے پاس اپنا ذاتی مکان نہیں ہے ۔ انہیں بودھن کے شہری علاقہ میں پلاٹ کے ساتھ مکان تعمیر کرلینے تین لاکھ روپئے رقم فراہم کی جائے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ ان پندرہ سو افراد کو ایک ماہ کے اندر پلاٹس اور تعمیر امکنہ کیلئے رقم فراہم کی جائے گی ۔ یہ تاحال الاٹ کردہ 800 افراد کے علاوہ ہوں گے ۔ انہوں نے آج صبح 8 بجے سے ہی بودھن شہر کے مختلف بلدی حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے تقریباً ساڑھے گیارہ کروڑ روپئے کے مختلف ترقیاتی کاموں کو انجام دینے اپنے خصوصی فنڈز سے جاری کرنے کا اعلان کیا اور انہوں نے کہا کہ شہر میں مزید ترقیاتی کام انجام دینے 50 کروڑ روپئے اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈز کے طور پر جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ جس میں سے 25 کروڑ بودھن شہر کیلئے ہوں گے ۔ اس پریس کانفرنس میں عبدالرحمن چیرمین مارکٹ کمیٹی بودھن وی آر دیسائی کمشنر بلدیہ قمر احمد صدر میناریٹی سیل بودھن بابا بھائی ، این آر آئی رویندر یادو ، اشفاق علی و دیگر ارکان بلدیہ اور سرگرم پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔