بچوں کی نگہداشت ضروری ہے!

   

موسم برسات ہماری صحت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے مگر بعض اوقات تھوڑی سی بے احتیاطی بہت سے امراض کا سبب بھی بن جاتی ہے خاص طور پر چھوٹے بچے اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ان میں نزلہ ،زکام ،بخار اور پیٹ کے امراض قابل ذکر ہیں۔

اسی لیے کہا جاتا ہے کہ’’مشکلات سے محفوظ رہنے کیلئے تدبیر سے کام لینا ضروری ہے۔‘‘طبی ماہرین نے بارشوں کے موسم میں آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچوں کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس موسم میں نزلہ زکام اور کھانسی بھی شدید نوعیت کی ہوتی ہے۔بچوں کو جو خوراک بھی کھلائیں وہ اچھی طرح پکی ہوئی ہونی چاہئے۔دن اور رات کے وقت بچوں کو معمول سے زیادہ اُبلا ہوا صاف پانی پلانا چاہے تاکہ پسینے کی زیادتی سے بچوں کے جسم میں پانی کی کمی نہ ہو،گندے پانی میں نہانے یا بارش میں باہر نکلنے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس دوران وائرس کے حملے کے امکانات 90فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔اس موسم میں بچوں کے ناخن فوری طور پر کاٹنے چاہیں کیونکہ برسات کے موسم میں جسم پر سب زیادہ تیزی سے جراثیم ناخنوں کے اندر بسیرا کرتے ہیں۔تلی ہوئی اور کراری مصالحے دار اشیاء بچوں سے دور رکھیں۔ان غذاؤں کی وجہ سے گیسٹرو،ہیضہ اور ٹائیفائڈ کے امکان بڑھ جاتے ہیں۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم میں نہاتے ہوئے بچے پانی پی جاتے ہیں۔اس لیے بچوں کو خود نہلا نا چاہیے اور خوراک کے ساتھ پانی پلانا چاہیے تاکہ غذا کو ہضم ہونے میں زیادہ دیر نہ لگے۔خوراک میں چاول اور گندم سے بنی غذائیں زیادہ استعمال کریں۔غذا کوشش کریں کہ تازہ ہواور ایک مرتبہ اتنی تیار کریں کہ ایک ہی وقت چلے۔