بھدرا چلم میں گوداوری کی سطح آب خطرہ کے پہلے نشان سے اوپر

,

   

حیدرآباد ۔ بھدرا چلم ضلع میں دریائے گوداوری کی سطح 43 فیٹ کی پہلی وارننگ کی سطح سے اوپر ہوگئی ہے اور یہ 47 فیٹ تک پہونچ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دریائے گوداوری کی سطح آب آج شام تک خطرہ کے پہلے نشان سے اوپر ہوگئی ہے ۔ دریائے گوداوری کے آب گیر علاقوں میں مسلسل شدید بارش کی وجہ سے دریا کی سطح آب میں بھی تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ گوداوری کی ذیلی ندیوں کی سطح آب میں بھی اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ یہاں گذشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ دریائے گوداوری کی دوسری وارننگ کی سطح 48 فیٹ ہے ۔ پالونچہ میں کنر سانی ذخیرہ آب میں پانی کی سطح 403.90 فیٹ بتائی گئی ہے اور عہدیداروں نے 12 دروازے کھولتے ہوئے 86,000 کیوسکس پانی کا اخراج عمل میں لایا ہے ۔ اسی طرح تالی پیرو پراجیکٹ میں بھی عہدیداروں نے جملہ 23 دراوزے کھول دئے اور 1,06,656 کیوسکس پانی خارج کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گوداوری کا پانی چھتیس گڑھ ‘ اوڈیشہ اور آندھرا پردیش کو جوڑنے والی شاہراہ پر جمع ہوگیا ہے ۔ اس وجہ سے سڑک کے ذریعہ حمل و نقل متاثر ہوگئی ہے ۔ اسی طرح کھمم اربن منڈل میں بھی عوام کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے کیونکہ مونیرو کا پانی دمسالا پورم اور بوناکل روڈ پر جمع ہوگیا ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار اور ضلع کلکٹر آر وی کرنن نے کھمم میں زیر آب آنے والے علاقوں کا معائنہ کیا وار عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی برتیں اور ریلیف اقدامات کیلئے تیار رہیں۔