بھونگیرمیں انتخابی جلسہ سے خطاب کیلئے پرینکا گاندھی کو دعوت

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس، قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھونگیر لوک سبھا حلقہ کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی ہے۔ اس حلقہ سے چیف منسٹر کے بااعتماد رفیق سی ایچ کرن کمار ریڈی کو پارٹی ہائی کمان نے ٹکٹ دیا ہے۔ کومٹ ریڈی برادرس کے بھونگیر حلقہ میں اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے ریونت ریڈی نے کرن کمار ریڈی کے حق میں کومٹ ریڈی برادرس کو مہم میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کی جوبلی ہلز میں واقع قیامگاہ پہنچ کر چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین اجلاس میں شریک تھے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تال میل کے ذریعہ انتخابی مہم کو قطعیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ اور بھونگیر لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کی کامیابی تقریباً یقینی ہے۔ گذشتہ لوک سبھا چناؤ میں اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ان حلقہ جات سے منتخب ہوئے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع کانگریس کا مضبوط گڑھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اپنے وجود کی لڑائی لڑ رہی ہے اور کانگریس کا اصل مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ چیف منسٹر نے مشورہ دیا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں پولنگ بوتھس کے انچارج قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی چار ماہ کی کارکردگی سے عوام کو واقف کرایا جائے جس کے تحت 6 ضمانتوں میں 5 پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور بی آر ایس کی مشترکہ سازش کو ناکام بنانے کیلئے ہر سطح پر قائدین کو چوکس رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں جلد ہی لائحہ عمل طئے کیا جائے گا۔ قومی قائدین کے علاوہ دیگر ریاستوں کے کانگریس قائدین بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ 17 میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کانگریس کا نشانہ ہے۔ چیف منسٹر نے کرن کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ 21 اپریل کو پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد بھونگیر میں بڑے پیمانے پر جلسہ عام کا اہتمام کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں جلسہ عام سے خطاب کیلئے کانگریس قائد پرینکا گاندھی کو مدعو کیا جائے گا۔ لوک سبھا بھونگیر کے انچارج راجگوپال ریڈی نے چیف منسٹر کو حلقہ کی تازہ ترین صورتحال سے واقف کرایا۔ مقامی ارکان اسمبلی کے انیل کمار ریڈی، ایم سامیول ، ایم ویریشم، مال ریڈی رنگاریڈی، بی ایلیا کے علاوہ مجالس مقامی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔1