بھوٹان کے وزیر اعظم کی ہندوستان کے دورے پر آمد

   

نئی دہلی:بھوٹان کے وزیر اعظم داشو شیرنگ ٹوبگے ہندوستان کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر آج نئی دہلی پہنچے ۔وہ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر آئے ہیں اور 14 سے 18 مارچ تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہوں گے ۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر مملکت اشونی چوبے نے ان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ بھوٹان کے وزیر اعظم کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے مثالی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان ہر سطح پر اعتماد، خیر سگالی اور باہمی مفاہمت پر مبنی دوستی اور تعاون کے مستحکم تعلقات ہیں۔ بھوٹان کے وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالککو منفرد شراکت داری میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور تعلقات کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق بھوٹانی وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے کا جنوری 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے ۔ ان کے ساتھ بھوٹان کے وزیر برائے امور خارجہ اور غیر ملکی تجارت، توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر، صنعت، تجارت اور روزگار کے وزیر اور بھوٹان کی شاہی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی ہیں۔دورے کے دوران بھوٹان کے وزیر اعظم صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔ وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور دیگر ہندوستانی معززین سے بھی ملاقات کریں گے ۔ بھوٹان کے وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران ممبئی بھی جائیں گے ۔