بھوپندر پٹیل نے چیف منسٹر گجرات کا حلف لیا

,

   

گاندھی نگر : گجرات کے نومنتخب وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل نے آج دوپہر بعد 2 بجکر 20 منٹ پر ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر آچاریہ دیو ورت نے انہیں گجراتی زبان میں حلف دلایا ۔ انھوں نے تنہا ہی حلف لیا ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کی حکمرانی والی چارریاستوں کے وزرائے اعلی ،کرناٹک کے بسو راج بومئی ، مدھیہ پردیش کے شیوراج چوہان ،گواکے پرمود ساونت اور ہریانہ کے منوہرلال کھٹر موجود تھے ۔ان کے علاوہ مرکزی وزرا من سکھ مانڈویہ ،پرشوتم روپالا،بھوپیندر یادو،نریندرتومر، درشن بین سمیت بی جے پی کے کئی دیگر مرکزی رہنما، ریاست کے ایم ایل اے ، ایم پیز ، سابق وزیراعلی وجے روپانی سابق نائب وزیراعلی نتن پٹیل (جوکل شام راج بھون نہیں آئے تھے اور اسی وجہ سے اُن کی ناراضگی کی قیاس آرائیاں تھیں)حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل بھی موجود تھے ۔پاٹل نے وزیراعلی کے حلف لینے سے پہلے نتن پٹیل کے گھر جاکر اُن کا آشیرواد لیا تھا۔ پٹیل نے گزشتہ شام راج بھون جا کر گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا تھا ۔ اس موقع پر نریندر سنگھ تومر اور پرہلاد جوشی (دونوں مرکزی وزراء) اور پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ترون چگ ، ریاستی صدر سی آر پاٹل اور ریاستی انچارج بھوپندر یادو ، سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور کئی سابق وزراء موجود تھے ۔حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے بتایاکہ پارٹی تنظیم کے ساتھ بات چیت کے بعد اس کے اگلے ایک دو دنوں میں وزراء کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ حلف برداری کی تقریب سے پہلے امیت شاہ نے ایک میٹنگ کی تھی جس میں وزراکے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ گجرات میں سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی کے اچانک استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد زبردست سیاسی ہلچل اور قیاس آرائیوں کے درمیان گزشتہ روز بھوپندر رجنی کانت پٹیل کو انکا جانشین منتخب کر لیا گیا ۔سابق وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل کے قریبی 59 سالہ بھوپندر پٹیل 2017 ء کے گزشتہ الیکشن میں پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔