بی آر ایس اور بی جے پی پر تنقید، ایل بی نگر اور ملکاجگری میں روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی تحفظات ختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ بی جے پی کو ووٹ تحفظات کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج ایل بی نگر اور ملکاجگری میں روڈ شو کرکے کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے پارٹی امیدوار سنیتا مہیندر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ روڈ شو میں ہزاروں عوام شریک تھے۔ سابق وزیر مہیندر ریڈی اور رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی نے بھی حصہ لیا۔ ریونت ریڈی نے بی جے پی اور بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں کو عوام سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز نے دس برسوں میں تلنگانہ سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا لہذا ایٹالہ راجندر عوام سے ووٹ مانگنے کے حق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور بیارم میں اسٹیل فیکٹری قائم نہیں کی حالانکہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تحفظات کو ختم کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے بی جے پی اور بی آر ایس کو سبق سکھانے عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بھگوان کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہے۔ بھگوان کو مندر میں اور عقیدت کو دل میں رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی کار اب ناکارہ ہوچکی ہے۔ کانگریس نے تین ماہ میں انتخابی وعدوں پر عمل کا آغاز کردیا ۔ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی، 500 روپئے میں گیس سلینڈر، آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر اور آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج جیسے وعدے پورے کئے گئے۔1