بھینسہ میں المناک سڑک حادثہ

   

تیز رفتار کار کی ٹکر سے مسلم نوجوان ہلاک
بھینسہ۔/19 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں گزشتہ شام کے اوقات میں بھینسہ۔ باسر قومی شاہراہ 61 پر ایک المناک سڑک حادثہ میں تیز رفتار موٹر کار مسلم نوجوان کو ٹکر دے کر فرار ہوگئی ۔ بعد ازاں مقامی مسلم نوجوانوں کی جستجو اور تعاقب کرنے کی وجہ سے موٹر کار کو تلاش کرلیا گیا لیکن سڑک حادثہ کا شکار مسلم نوجوان ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے بموجب احمد بیگ ولد انور بیگ 19 سالہ آٹو الیکٹریشن ملازم جو شہر کے اویسی نگر کا متوطن ہے گزشتہ شام ایک آرا مشین کے قریب بھینسہ ۔ باسر شاہراہ پر آٹو الیکٹریشن بیاٹری میکانک دکان پر ملازمت کرتے تھے اور دوری دکان سے سامان لانے کی غرض سے جاکر واپس آرہے تھے کہ اسی اثناء میں نرمل کی سمت سے آرہی ایک تیز رفتار کار نے احمد بیگ کو ٹکر دے دی جس میں احمدبیگ شدید زخمی ہوگئے اور کار فرار ہوگئی۔ مقام حادثہ پر موجود افراد نے شدید زخمی نوجوان کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے طبی امداد کی اور افراد خاندان کے علاوہ سینکڑوں افراد سرکاری دواخانہ پہنچ کر زخمی نوجوان کو ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے احمدبیگ کو بچانے کی کوشش کی لیکن زخمی نوجوان جانبر نہ ہوسکے اور ہلاک ہوگئے۔ اس حادثہ کی اطلاع پاکر ٹاون سرکل انسپکٹر وینوگوپال ریڈی ، ایس آئی شیو پرکاش اور اے ایس آئی محمد غوث نے مقام حادثہ پہنچ کر معائنہ کیا اور نعش کو گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا۔ اس حادثہ کے مقام پر موجود مسلم نوجوانوں نے دلیری اور جستجو سے کار کا تعاقب کرتے ہوئے ڈھونڈ کر پولیس کو اطلاع دی جو موضع ایڈبیڑ میں دستیاب ہوئی۔ نعش کا پوسٹ مارٹم آج صبح گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں کرتے ہوئے نعش کو ورثاء کے حوالے کیا۔ نوجوان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر دارالعلوم جامعہ عربیہ میں ادا کی گئی اور تدفین قبرستان مولوی صاحب کے دائرے میں عمل میں آئی۔ پولیس کی جانب سے ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔