بھینسہ میں عازمین حج کی تہنیتی تقریب کا انعقاد

   

بھینسہ ۔9مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر اطراف و اکناف سے تقریباً 48 عازمین حجاج سعادت حج حاصل کریں گے جس کیلئے بھینسہ سے عازمین حجاج کے دو قافلے روانہ بھی ہوچکے ہیں اور تقریباً چھبیس عازمین حجاج پر مشتمل تیسرے اور آخری قافلے کی آج شب روانگی سے قبل بھینسہ کے قدیم و تاریخی دینی درسگاہ دارالعلوم جامعہ عربیہ میں تقریباً 24 عازمین حجاج کو تہنیت پیش کی گئی جہاں مولانا حافظ رفیق الدین ، مولانا شاہد غفران قاسمی ، مفتی عبدالغنی قاسمی ضلعی صدر جمعیت العلما ، مفتی عبدالخالد غفور قاسمی ، مولانا عبدالطیف ، حافظ عثمان خان ، حافظ معاذ کے علاوہ دیگر علما ، حفاظ اور احمد محی الدین سابقہ کونسلر ، محمد سراج الدین سابقہ کونسلر کے علاوہ حج سوسائٹی کے ذمہ داران عبدالقدیر ، عبدالغنی ، محمد سہیل محی الدین و دیگر شریک تھے ۔ مولانا حافظ رفیق الدین نے نعت پاک پیش کی جبکہ مفتی عبدالغنی قاسمی ، مولانا شاہد غفران قاسمی نے عازمین حجاج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اللہ پاک نے اپنے محبوب و مقبول بندوں کو منتخب کرتے ہوئے اپنے گھر کی زیارت کا موقع فراہم کیا جو خوش نصیب افراد ہے ۔ علما نے مزید کہا کہ سفر حج اور ادائیگی حج کے دوران دنیا کے تمام معاملات کو بھلاکر صرف اور صرف اللہ پاک کی عبادتوں کو کثرت سے ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے شہر اور ملک کی سلامتی امن و امان اور بھائی چارگی کیلئے خصوصی دُعاؤ ں کی خواہش کی۔ مولانا شاہد غفران قاسمی کی دعا پر تہنیتی تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ علاوہ ازیں شہر کے ایک اور دینی درسگاہ مدرسہ معھدالابرار خان آٹونگر میں بعد نماز عشاء عازمین حجاج کے لیے تہنیتی تقریب منعقد ہے جہاں سے تلبیہ کی گونج میں عازمین حجاج کے قافلہ کی روانگی حیدرآباد حج ہاؤز کے لئے عمل میں آئیگی۔