بہادر پورہ میں چاقو زنی کی واردات

   

حیدرآباد: پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ میں ایک چاقو زنی کی واردات پیش آئی جس میں ایک رئیل اسٹیٹ تاجر زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ رؤف الرحمن عرف نوید ساکن شاستری پورم کو اس کے ایک دوست عرفان نے بی این کے کالونی کمیونٹی ہال کے قریب سینے پر چاقوں سے وار کر کے زخمی کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال 2 ڈسمبر کو نوید کے دوست اضغر نے اسلم کے ساتھ مل کر عرفان پر کرکٹ بیاٹ سے حملہ کر کے زخمی کردیا تھا ۔ رقمی لین دین کے نتیجہ میں یہ واردات پیش آئی تھی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اضغر اور اسلم کے خلاف کارروائی کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ عرفان کو یہ شبہ تھا کہ گزشتہ سال اس پر ہوئے حملہ میں نوید کے رول کا بھی شبہ تھا ۔ آج عرفان نے اس پر حملہ کر کے زخمی کردیا۔ پولیس بہادر پورہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ۔