بہار ، بنگال کے نتائج سے سب واقف ہیں ، SIR میں ہرگز لاپرواہی نہ کریں

   

عوام کے ہر ووٹ کے تحفظ کیلئے کانگریس متحرک، نرمل میں طاہر بن حمدان، کے سری ہری کی سیاست نیوز سے بات چیت

نرمل۔ 19 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طاہر بن حمدان صدرنشین اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ جو ہائی کمان کی ہدایت پر SIR کے عمل کا جائزہ لینے نرمل پہونچے تھے، حلقہ اسمبلی نرمل کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بوتھ لیول ایجنسی کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔ بعدازاں کل شام نرمل حلقہ اسمبلی کانگریس کے سری ہری راؤ کی رہائش گاہ پر تینوں قائدین طاہر بن حمدان، کے سری ہری راؤ، اے گنیش چکرورتی نائب صدرنشین بلدیہ نرمل نے سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر نرمل روزنامہ سیاست سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس تمام بوتھ لیول ایجنٹ کو متحرک کررہی ہے۔ SIR کا عمل مکمل طور پر شفاف اور الیکشن کے قوانین کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے بی ایل اوز اور بی ایل ایز سے ووٹر رجسٹریشن کے دوران درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کرنے کیلئے کہا۔ ساتھ ہی متعلقہ عہدیداروں کو ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ ان قائدین نے بتایا کہ جمہوریت میں ووٹ کا حق بہت قیمتی ہے اور یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو۔ اس موقع پر زرعی مارکیٹ کمیٹی سارنگ پور عبدالہادی، اے راجندر سابق لائبریری چیرمین، سینئر کانگریس قائد محمد اظہر حسین و ارکان بلدیہ موجود تھے۔ طاہر بن حمدان نے SIR کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نرمل میں اب تک 60% ایس آئی آر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے پارٹی BLAs پر زور دے کر کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو، کانگریس ہر اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔ طاہر بن حمدان نے کہا کہ فرقہ پرست جماعتیں ووٹر لسٹ سے ووٹوں کو حذف کرتے ہوئے اقتدار کی سمت قدم بڑھانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے جس کی مثال حال ہی میں مغربی بنگال اور بہار میں نظر آئی۔ وہاں کے انتخابات کے نتیجے سارے ملک کے سامنے ہیں، ایسے ماحول میں ہماری معمولی لاپرواہی بھی ہمیں اپنے جمہوری حق سے محروم کرسکتی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم SIR کے معاملے میں لاپرواہی نہ کرتے ہوئے ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ اپنے رشتہ داروں، ساتھیوں، پڑوسیوں سے بھی ہمیں تعاون کرنا چاہئے۔ وقت بہت کم ہے، ہم مقررہ وقت سے قبل اپنے فارمس پُر کرتے ہوئے BLOs کے پاس جمع کرادیں، دوسروں کی مدد کیلئے آگے آنا بھی بھلائی کا کام ہے۔ عظیم لوگ وہ ہوتے ہیں جو درد کے صحراؤں میں بیٹھ کر بھی لوگوں کو گلستان کی خبر دیتے ہوئے اپنے جمہوری حق کا تحفظ کرتے ہیں۔