پٹنہ، 16 ستمبر (یو این آئی) بہار حکومت نے بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت درخواست دہندگان کو دیے جانے والے تعلیمی قرض کی رقم کو سود سے مستثنیٰ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے نتیش کمار کی حکومت نے طلبہ کو بڑا تحفہ دیا ہے ۔ وزیراعلی نتیش کمار نے منگل کو ’ایکس‘ پر پوسٹ کر کے اس کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر کمار نے ایکس پر لکھا ہے کہ بہار میں 07 نشچئے یوجنا کے تحت 12ویں جماعت پاس طلبہ جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے 2 اکتوبر 2016 سے بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم نافذ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت اعلیٰ تعلیم کے لیے زیادہ سے زیادہ 4 لاکھ روپے کا تعلیمی قرض عام درخواست دہندگان کو 4 فیصد سود کی شرح پر اور خواتین، معذور اور ٹرانس جینڈر درخواست دہندگان کو صرف ایک فیصد سود کی شرح پر دیا جاتا ہے ۔ کمار نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اب اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کے تحت دیے جانے والے تعلیمی قرض کی رقم تمام درخواست دہندگان کے لیے سود سے مستثنیٰ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 2 لاکھ روپے تک کے تعلیمی قرض کو 60 ماہانہ قسطوں ( 5سال) میں واپس کرنے کا انتظام تھا، جسے اب بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 84 ماہانہ قسطوں (7 سال) میں کر دیا گیا ہے ، اور 2 لاکھ روپے سے زیادہ قرض کی رقم کو 84 ماہانہ (7 سال) قسطوں سے بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 120 ماہانہ (10 سال) قسطوں میں واپس کرنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہے کہ ریاست کے زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے فراہم کیے جانے والے تعلیمی قرض میں دی جانے والی ان سہولیات سے طلبہ کے حوصلے میں اضافہ ہوگا اور وہ زیادہ جذبے اور لگن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ ریاست اور ملک کے مستقبل کو بھی سنوار سکیں گے ۔