بہار انتخابات میں ای وی ایم سے کوئی چھیڑچھاڑ نہیں :الیکشن کمیشن

   

ای وی ایم کے استعمال میں اضافہ کے ساتھ ووٹوں کی گنتی کا کام بھی بڑھ گیا ہے، ای وی ایم بالکل محفوظ : سپریم کورٹ

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے اور ووٹوں کی گنتی نہایت سست رفتار سے ہو رہی ہے ۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ جین اور چندربھوشن کمار نے منگل کی سہ پہر کو یہاں نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس بار ووٹوں کی گنتی سست رفتاری سے ہورہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس بار پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں کووڈ 19 کی وجہ سے اضافہ کیا گیا ہے ۔ بظاہر اس کی وجہ سے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور سماجی فاصلے کی وجہ سے گنتی کے مراکز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے اور گنتی کی میز بھی کم کردی گئی ہے لیکن ووٹوں کی گنتی اسی رفتار سے ہو رہی ہے ۔ ای وی ایم میں اضافے کے ساتھ ہی ووٹوں کی گنتی کا کام یقینی طور پر بڑھ گیا ہے ۔یہ کہے جانے پر کہ کچھ لیڈروں نے ای وی ایم میں گڑبڑی کی شکایت کی ہے ، انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ ان میں چھیڑ چھاڑ کا امکان نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے بھی یہ کہا ہے کہ ای وی ایم محفوظ ہیں۔ اس لیے ای وی ایم میں کسی بھی قسم کی کوئی گڑبڑی نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار بہار میں سات کروڑ تیس لاکھ اہل ووٹر تھے اور ان میں سے 57.3 فیصد رائے دہندگان نے ووٹ دیا ہے ۔ اس حساب سے کتنے ووٹ پڑے ہیں، آپ جان سکتے ہیں۔جب ان سے جب پوچھا گیا کہ اب تک کتنے راؤنڈ گنتی ہوچکی ہے ، تو انہوں نے کہا کہ یہ بتانا مشکل ہے کیونکہ ہر اسمبلی حلقہ میں صورتحال مختلف ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی میں صرف وہی پوسٹل بیلٹ کی گنتی ہونی ہے جو صبح 8 بجے تک کمیشن کو موصول ہوئے تھے ۔