بہار کونسل میں آر جے ڈی کو جھٹکہ، 5 ارکان منحرف

   

ایم ایل سیز قمر عالم، سنجے پرساد ، رادھا چرن ، رن وجئے کمار اور دلیپ رائے جنتا دل یو میں شامل
پٹنہ : انتخابی سال میں آر جے ڈی کو بڑا جھٹکہ لگا ہے جس میں اس کے پانچ ایم ایل سیز منگل کو پارٹی سے مستعفی ہوگئے۔ اس کے نتیجہ میں بہار قانون ساز کونسل میں اس کے لیجسلیچر گروپ میں پھوٹ پڑگئی ۔ منحرف ارکان چیف منسٹر نتیش کمار زیر قیادت جنتادل یو میں شامل ہوگئے ۔ یہ بڑی تبدیلی ایسے روز ہوئی جب سابق مرکزی وزیر رگھو ونش پرساد سنگھ جو آر جے ڈی کے بانی ارکان میں سے ہیں اور جیل میں قید پارٹی سربراہ لالو پرساد کے کٹر حامی بھی ہیں، انہوں نے اپنے ایک حریف کی مجوزہ شمولیت کے خلاف بطور احتجاج قومی نائب صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ دو ایوان کے مقننہ کے بالائی ایوان کے عہدیداروں نے بتایا کہ پانچ ایم ایل سیز ایس ایم قمر عالم ، سنجے پرساد ، رادھا چرن سیٹ ، رن وجئے کمار سنگھ اور دلیپ رائے نے کارگزار صدرنشین ودھان پریشد اودھیش نارائن سنگھ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور اپنے مکتوبات استعفیٰ حوالے کئے۔ انہوں نے نارائن سنگھ سے درخواست بھی کی کہ انہیں علحدہ گروپ کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہوئے جے ڈی یو کے ساتھ ضم ہونے کی اجازت دی جائے ۔ جے ڈی یو کے چیف وہپ ایوان بالا رینا یادو پارٹی کے مکتوب رضامندی کے ساتھ پہنچے اور کارگزار صدرنشین نے فوری اپنی منظوری دے دی ۔ 75 رکنی ودھان پریشد میں اس تبدیلی کے سبب آر جے ڈی کی عددی طاقت محض 3 تک گھٹ گئی ہے۔ لالو پرساد کی اہلیہ رابڑی دیوی ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت کھو سکتی ہیں۔