بہتری کے لیے زیادہ ٹسٹ کھیلنا ضروری : حشمت اللہ

   

نیو چندی گڑھ، 4 جون (آئی اے این ایس) افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ان کی ٹیم نے ٹسٹ کرکٹ میں قیمتی تجربہ حاصل کیا ہے، تاہم مزید ترقی اور بہتری کے لیے افغانستان کو زیادہ سے زیادہ ٹسٹ میچ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے یہ بات ہندوستان کے خلاف ہفتہ کو شروع ہونے والے واحد ٹسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کہی۔افغانستان کو 2018 میں ٹسٹ درجہ حاصل ہوا تھا اور اس نے اپنا پہلا ٹسٹ میچ ہندوستان کے خلاف بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا تھا، جہاں مہمان ٹیم کو صرف دو دن میں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ آٹھ برسوں میں افغانستان نے محض 12 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔ ٹیم کا آخری ٹسٹ میچ اکتوبر 2025 میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں ہوا تھا، جس میں اسے ایک اننگز اور 73 رنز سے شکست ہوئی تھی۔حشمت اللہ شاہدی نے کہا 2018 کا وہ میچ ہماری تاریخ کا پہلا ٹسٹ میچ تھا اور اس وقت ہمیں سرخ گیند کی کرکٹ کا کوئی خاص تجربہ نہیں تھا۔ اس کے بعد ہم نے مزید کرکٹ کھیلی، بہت کچھ سیکھا اور وقت کے ساتھ تجربہ بھی حاصل کیا۔ ذاتی طور پر بھی میرے پاس اب اس وقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تجربہ ہے۔مہمان ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ تجربہ موجود ہے لیکن ٹیم کو ترقی حاصل کرنے کیلئے زیادہ ٹسٹ کھیلنا ہوگا۔