بیرونی طلبہ کی متعلقہ ریاستوں کو واپسی کیلئے انتظامات

   

ضروری اشیاء کی سربراہی اور لازمی خدمات کیلئے کرفیو پاس کی اجرائی،کمشنر پولیس کا اجلاس
حیدرآباد ۔ /25 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے ضروری اشیاء کی سربراہی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے خصوصی پاسیس کی اجرائی کی جارہی ہے ۔ دفتر کمشنر پولیس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے مختلف ہاسٹلس اور مکانات میں مقیم مختلف ریاستوں کے آئی ٹی طلباء اور خانگی ملازمین کو ان کے آبائی مقامات پہونچنے کیلئے ون ٹائم پاس بھی جاری کیا جائے گا ۔ انجنی کمار نے آج ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج دوپہر 4 گھنٹے طویل خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں ریاست کے پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر جیش رنجن اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس کے علاوہ ضروری اشیاء سے تعلق رکھنے والے اسوسی ایشن نے بھی شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پولیس کا انفارمیشن ٹکنالوجی سیل ان نوجوانوں اور طلباء کی نشاندہی کررہا ہے جو اپنے آبائی مقامات واپس جانے کے خواہاں ہیں لیکن موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پیش نظر وہ واپس لوٹ نہیں پارہے ہیں ۔ اپنے مقررہ مقامات کو واپس لوٹنے کے خواہشمند طلباء اور نوجوان اپنے علاقہ کے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے دفتر سے رجوع ہوکر پاس حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس کے آئی ٹی سیل نے ایک ای میل آئی ڈی
covid19.hyd@gmail.com
قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ضروری اشیاء کی سربراہی میں آسانی حاصل کرنے والے افراد پاس کیلئے اس ای میل آئی ڈی کے ذریعہ ربط پیدا کرسکتے ہیں اور سٹی پولیس کا موبائیل نمبر 9490616780 پر بھی رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔انجنی کمار نے بتایا کہ اب تک 900سے زائد پاسیس کی اجرائی عمل میں آئی ہے اور مزید 700 درخواستیں زیرالتواء ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی سربراہی کرنے والے مختلف اسوسی ایشن جس میں نیٹ اسوسی ایشن ، نیوز پیپرس اسوسی ایشن ، میڈیکل ہال اسوسی ایشن اور دیگر اسوسی ایشن کے اراکین نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔ انجنی کمار نے کہا کہ دونوں شہروں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف ہاسٹلس کا انتظامیہ بوڈرس کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں اور انہیں کھانے پینے کیلئے بھی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔پولیس کمشنر نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور رات کے کرفیو کیلئے 10,000پولیس عملے کو شہر کی سڑکوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔