بیرون ممالک ملازمت کا جھانسہ، دہلی میں ٹولی گرفتار، سائبر کرائم رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی

   

حیدراباد ۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز) ملک و بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر بے روزگار نوجوانوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والی دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنی والی ایک ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا۔ سائبر کرائم رچہ کنڈہ پولیس نے ایک کارروائی میں 4 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی کی زد میں آنے والے دو افراد ایک ہی طرح کی سازش کا شکار ہوئے تھے۔ یاپرال اور دمائی گوڑہ کے ساکنان نے پولیس سے شکایت کی تھی۔ پولیس نے اس ٹولی کے اراکین 35 وجئے تیاگی ساکن مراد نگر غازی آباد، 40 سالہ پورنما گنگولی ساکن سیکٹر 19 ریاکٹ کی نئی دہلی، 32 سالہ بھون چندرا بھٹ ساکن اشوک نگر دہلی اور 26 سالہ امیت چوہان ساکن نوئیڈا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 17 لیاب ٹاپ، 3 وائی فائی روٹرس، 5 موبائیل فون اور ایک ڈی وی آر کو ضبط کرلیا۔ ایچ ٹی میڈیا لمیٹیڈ کی آڑ میں یہ ٹولی دھوکہ دہی کا ریاکٹ چلا رہی تھی۔ شائن ڈاٹ کام نامی جاب پورٹل سے متلاشی روزگار افراد کے بائیو ڈاٹا کو چرا کر ان سے رابطہ قائم کرتے تھے۔ اس ٹولی نے اس کام کے لئے ایک کال سنٹر بھی قائم کیا تھا۔ جنوری میں سرینواس ریڈی نامی دمائی گوڑہ کے بے روزگار نے جاب پورٹل پر اپنی تفصیلات درج کی تھی۔ چند روز بعد اس شخص کو فون آیا جس میں ایک ایم این سی کمیٹی میں ملازمت کے لئے رجسٹریشن کی پیشکش کی گئی جس کے بعد مختلف مراحل پر کبھی رجسٹریشن تو کبھی مختلف فیس چارجس کے نام پر 68,705 روپے اکاؤنٹ میں جمع کروالئے گئے۔ جیسے ہی متاثرہ شخص نے رقم جمع کرادی اس سے ان دھوکہ بازوں نے رابطہ منقطع کرلیا۔ اس طرح یاپرال کے ساکن سمپت ریڈی کو بھی دھوکہ دیتے ہوئے ایک لاکھ 5 ہزار روپے لوٹ لئے گئے۔ پولیس سائبر کرائم رچہ کنڈہ نے بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر اراکین مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ A