بین الاقوامی چیلنجس سے نمٹنے میں دنیا کے 10 سرکردہ اداروں کا اہم رول

   

اقوام متحدہ بین ممالک تنازعات کی یکسوئی کا مرکز ، معاشی اُمور میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی اہم ذمہ داریاں
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) بین الاقوامی چیلنجس سے نمٹنے اور مختلف ممالک کے درمیان تنازعات کی یکسوئی میں عالمی ادارے اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ دنیا میں 10 ایسے عالمی اداروں کی نشاندہی کی گئی ہے جو نہ صرف ممالک کے درمیان تنازعات بلکہ معاشی بحران سے نمٹنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ عالمی اداروں کی فہرست میں اقوام متحدہ سرفہرست ہے جو عالمی سطح پر قیام امن کے علاوہ انسانی حقوق کی پاسداری اور جنگی تنازعات کے حل میں اہم رول ادا کرتا ہے ۔ اقوام متحدہ کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا تاہم حالیہ برسوں میں اقوام متحدہ نے اپنے بعض جانبدارانہ فیصلوں کے ذریعہ دنیا کی نظر میں اپنی اہمیت کو گھٹا دیا ہے ۔ اقوام متحدہ اگرچہ دنیا کے تمام ممالک کا ترجمان ہے اور اس کے تحت سلامتی کونسل کو ممالک کے خلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہے ۔ حالیہ چند برسوں میں طاقتور ممالک کا اقوام متحدہ پر کنٹرول ہوچکاہے اور جنگی معاملات میں امریکہ ، روس ، اسرائیل جیسے ممالک اقوام متحدہ کے فیصلوں کو ماننے سے صاف انکار کررہے ہیں ۔ عالمی سطح پر مالیتی اُمور میں ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( IMF) کا اہم رول ہے ۔ یہ دونوں ادارے مالیتی استحکام اور معاشی نظام کو بہتر بنانے میں اپنی تجاوز پیش کرتے ہیں ۔ صحت اور رضاکارانہ خدمات کے معاملہ میں ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن ، ورلڈ فوڈ پروگرام ، اقوام متحدہ چلڈرنس فنڈ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی خدمات نمایاں ہے ۔ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن بین الاقوامی سطح پر تجارت کو فروغ دینے کا کام انجام دیتا ہے ۔ نیشنل اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (NATO)کے ذریعہ مختلف ممالک کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ جی ۔20 نے حالیہ برسوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے ۔ دنیا کی 10 اہم تنظیموں میں 4کا ہیڈ کوارٹر امریکہ میں ہے ۔ اقوام متحدہ ، ورلڈ بینک ، آئی ایم ایف اور یو این چلڈرنس فنڈس کے ہیڈ کوارٹرس امریکہ میں موجود ہیں اور زیادہ تر عالمی اداروں پر امریکہ کا کنٹرول دکھائی دیتا ہے ۔ 1/S/m/b