بیٹی کا جنسی استحصال، باپ کو پانچ سال کی سزاء

   

ضلع نلگنڈہ کی مقامی عدالت کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ /16 اگست (سیاست نیوز) بیٹی کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کرنے اور اس کا جنسی استحصال کرنے والے باپ کو عدالت نے 5 سال کی سزاء سنائی ہے ۔ ضلع نلگنڈہ کی ایک مقامی عدالت نے آج یہ فیصلہ سنایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یادگیری گٹہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی اور عدالت نے یہ فیصلہ سنایا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق فروری 2019 ء میں کرشنا بائی نامی خاتون نے یادگیری گٹہ پولیس راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں شکایت درج کروائی تھی ۔ شکایت گزار خاتون متاثرہ لڑکی جس کی عمر 13 سال بتائی گئی ہے کہ اس لڑکی کو گود لیا تھا جو اس کی حقیقی بہن کی لڑکی ہے ۔ متاثرہ لڑکی اکثر اس کے حقیقی والدین کے مکان اکثر جایا کرتی تھی ۔ اس لڑکی کا والد 38 سالہ ڈی پرمیش جس کو سزاء سنائی گئی ہے گھر میں رہتا تھا ۔ اس شخص کو عریاں فلمیں اور ویڈیوز دیکھنے کی عادت تھی ۔ لڑکی کو مکان میں تنہا پاکر اس نے لڑکی پر دباؤ ڈالا ۔ یہ بھی بھول گیا کہ لڑکی اس کی حقیقی اولادہے ۔ اس نے لڑکی کو عریاں فلمیں اور ویڈیوز دکھاکر اس کا جنسی استحصال کیا اور کسی کو بتانے پر پابند کرتے ہوئے جان سے ماردینے کی دھمکی دی ۔ شکایت گزار خاتون کے بیان کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ کرشنا بائی کی بہن سے پرمیش کی شادی 16 سال قبل ہوئی تھی اور اس کی دو لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے ۔ 13 سالہ متاثرہ لڑکی کو کرشنا بائی نے گود لیا تھا ۔ پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کے دوران پرمیش کو گرفتار کرلیا تھا اور آج مکمل چاج شیٹ داخل کی جس کی بنیاد پر معزز عدالت نے پرمیش کو 5 سال کی سزاء سنائی ہے ۔