بیٹی کو زنجیروں میں جکڑنے والا ظالم باپ

   

بغداد: عراق میں ظلم و ستم پر مبنی ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک بے رحم باپ نے اپنی جوان بیٹی کو لوہے کی زنجیروں سے جکڑ کر ایک ماہ تک قید کئے رکھا۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز حرکت میں آئیں اور لڑکی کو آزاد کرا دیا۔ کرکوک گورنری میں سماجی روابط کی ویب گاہوں پر ایسی تصاویر پھیلائی گئیں جن میں مقامی پولیس کو ایک نوجوان خاتون کو آزاد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس خاتون کو اس کے سفاک والد نے تقریباً 30 دنوں تک اپنے گھر میں “قید” کر رکھا تھا۔کرکوک پولیس کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مقامی پولیس کو تصدیق شدہ اطلاع ملی کہ ایک باپ نے اپنی بیٹی کو گھر کے اندر قید کر رکھا ہے اور اس کے پاؤں اور ہاتھوں کو زنجیروں میں جکڑ کر تالا لگایا ہوا ہے۔ والد نے خاندانی وجوہات کی بنا پر بیٹی کو قید کر رکھا تھا۔