بیٹے کی لاپرواہی سے تنگ باپ کا غصہ ، موٹر سیکل کو آگ لگادی

   

یہ واقعہ ان تمام نوجوانوں کے لیے ایک سبق ہے جو والدین کی محنت کی کمائی کی قدر نہیں کرتے
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : اولاد کی خوشی کے لیے والدین اپنی بساط سے بڑھ کر قربانیاں دیتے ہیں لیکن وہی اولاد جب نافرمان ہوجائے تو والدین صبر کا دامن چھوڑ دیتے ہیں ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم میں واقع پینڈورتھی علاقے میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں ایک آٹو ڈرائیور باپ نے اپنے بیٹے کی لاپرواہی سے تنگ آکر اسے سبق سکھانے کے لیے اس کی موٹر سائیکل کو آگ کے حوالے کردیا ۔ آٹو ڈرائیور باپ بڑی مشکل سے اپنے خاندان کی کفالت کررہا تھا ۔ ایک سال قبل اپنے بیٹے کی خواہش پر اسے کالج جانے کے لیے موٹر سائیکل خرید کر دی تھی ۔ مالی حالت بہتر نہ ہونے کے باوجود باپ نے بیٹے کی خواہش کو ترجیح دی ۔ بائیک ملنے کے بعد نوجوان نے ٹریفک قوانین کے دھجیاں اڑانا شروع کردیا اور تیز رفتاری کا عادی بن گیا ۔ گزشتہ سال ایک سڑک حادثے میں نوجوان شدید زخمی ہوا جس کے علاج کے لیے باپ نے قرض لے کر ایک لاکھ روپئے خرچ کئے تاکہ بیٹے کی جان بچ سکے ۔ حادثے کے باوجود نوجوان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ بغیر ہیلمیٹ گاڑی چلانا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اس کا معمول بن گیا جس کی وجہ سے ہزاروں روپئے چالان گھر پہونچنے لگے جس پر باپ کا غصہ قابو سے باہر ہوگیا یہ سوچ کر کہ یہی گاڑی اس کے بیٹے کی جان کی دشمن بن رہی ہے اور اسے غلط راستے پر لے جارہی ہے ۔ وہ بائیک کو آبادی سے دور لے گیا اور اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی ۔ اس واقعے نے پورے علاقے میں ہلچل مچادی ۔ پولیس نے موقع پر پہونچکر تفتیش شروع کردی ۔ یہ واقعہ ان تمام نوجوانوں کے لیے ایک سبق ہے جو والدین کی محنت کی کمائی کو اپنی لاپرواہی کی نذر کردیتے ہیں ۔۔ 2/a/b