سکندرآباد سے دونوں جماعتوں کو شکست دینے پر ہی دستور اور تحفظات محفوظ : ڈی ناگیندر
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد ڈی ناگیندر نے کہا کہ بی آر ایس کا بی جے پی سے خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے ۔ بی آر ایس کا اصلی چہرہ منظر عام پر لانے سیکولرازم کا تحفظ کرنے کے لیے وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور کانگریس پارٹی نے انہیں بی جے پی اور بی آر ایس کے ناپاک اتحاد کو شکست دینے کے لیے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے امیدوار بنایا انہیں سماج کے تمام طبقات کی بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ انہیں یقین ہے وہ دو لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ آج روزنامہ سیاست سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈی ناگیندر نے کہا کہ آج دیش اور دستور دونوں خطرے میں ہے ۔ بی جے پی اس بار 400 پار کا نعرہ دیتے ہوئے دستور کو تبدیل کرنے مسلم اور ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی تحفظات کو ختم کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔ دستور ، سیکولرازم ، جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ بی آر ایس سے مستعفی ہوگئے ہیں کیوں کہ بی آر ایس خود کامیاب ہونے اور دستور کو بچانے کی فکر کرنے کے بجائے بی جے پی کو کامیاب بنانے میں تعاون کررہی ہے ۔ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو نہ صرف سیکولر نظریات پر یقین رکھتی ہے بلکہ فرقہ پرستوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے ۔ دستور اور تحفظات کا تحفظ کرسکتی ہے ۔ راہول گاندھی قومی جذبہ کے تحت کام کررہے ہیں۔ انہیں طاقت دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر گذشتہ 10 سال سے بی جے پی کا قبضہ ہے دتاتریہ اور کشن ریڈی کو مرکزی وزارت میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے مگر بی جے پی کے دونوں قائدین نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کو ترقی دینے کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد پر بی آر ایس کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس سے بی آر ایس تک کبھی بھی حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ ابھی بھی بی آر ایس پارٹی نے ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کے لیے پدما راؤ گوڑ کو امیدوار بنایا ہے ۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے خفیہ اتحاد میں پدما راؤ گوڑ کو بلی کا بکرا بنایا جارہا ہے ۔ ڈی ناگیندر نے عوام بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینے کے لیے انہیں اور کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی وعدے کے مطابق 6 کے منجملہ 5 گیارنٹی پر عمل کردیا ہے ۔ اگر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا گیا تو وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے تعاون سے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کو مثالی حلقہ میں تبدیل کردیں گے ۔ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور عوام کو ہمیشہ دستیاب رہیں گے ۔۔ 2