بی آر ایس دورحکومت میں امن اور خوشحالی

   

عادل آباد میں مسلم خواتین میں سلائی مشین کی تقسیم ، امتیاز اسحق اور دیگر کا خطاب

عادل آباد /27 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ میں میناریٹی ریسیڈنشیل 204 انگلش میڈیم اسکولس کا قیام ملک کے دیگر ریاستوں کیلئے ایک مثالی کارنامہ قرار دیتے ہوئے مسٹر امتیاز اسحاق میناریٹیز فینانس چیرمین نے ریاست میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خدمات کی جہاں ایک طرف ستائش کی وہیں دوسری طرف کانگریس دور میں مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقلیتی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں امن اور خوشحالی کے ساتھ ریاست ترقی کی سمت گامزن ہے ۔اس موقع پر میناریٹی ویلفیر کی جانب سے عادل آباد کی مسلم خواتین کو 300 سلائی مشین فراہم کئے گئے ۔ رکن اسمبلی جوگو رامنا نے اپنے خطاب میں عادل آباد میں زائد از 300 کروؤ روپیوں کے صرفہ سے جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں عادل آباد کے مختلف مساجد میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کیلئے 17 کروڑ روپئے سے کام جاری ہے جبکہ 20 کروڑ روپئے سے عادل آباد میں دو عدد بوائز کالجس اور دو عدد گرلز کالج کی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہے جو صرف میناریٹیز کیلئے ہیں ۔ آئندہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی خواہش کی گئی ۔ مسٹر ظہیر رمصانی نائب صدر بلدیہ مسٹر ساجد الدین سکریٹری بی آر ایس پارٹی مسٹر سلیم پاشاہ نے بھی اپنے خطاب میں بی آر ایس پارٹی امیدوار جوگو رامنا کو آئندہ انتخابات میں کامیاب بنانے عوام سے خواہش کی جبکہ اس تقریب میں مسٹر امجد اللہ ، محمد ظہور الدین ، مسٹر یونس اکبانی ، مسٹر عتیق الرحمن کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر 300 سلائی مشین خواتین میں فراہم کئے گئے ۔