بی جے پی انتخابات میں عوام کا سامنا نہیں کرنا چاہتی

   

سرینگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہیکہ بی جے پی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں لوگوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کو چھوڑئے اب بلدیاتی انتخابات بھی ٹال دیئے گئے ۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کوشمالی کشمیر کے ٹنگمرگ کے کنزر علاقہ میں ایک عوامی جلسے میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں الیکشن نہ کرانے کا مقصد یہ ہے کہ بی جے پی الیکشن میں لوگوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اسمبلی انتخابات کو چھوڑئے اب بلدیاتی الیکشن بھی ٹال دیئے گئے ہیں سری نگر میونسپلٹی نہیں رہی، جموں میں بھی میونسپلٹی ختم ہو رہی ہے اور جنوری تک پنچ اور سر پنچ بھی نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو لگتا کہ وہ الیکشن میں کامیاب ہوں گے تو یہاں کب کے الیکشن منعقد ہوئے ہوتے ‘۔عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت جموں وکشمیرمیں تھری ٹائر جمہوریت قائم کرنے کا پرچار کر رہی تھی اب اس کی ایک ٹائر بھی نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی معاملہ سامنے آتا ہے تو پی اے جی ڈی کی میٹنگ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پچھلے دنوں اسرائیل اور غزہ کا مسئلہ تھا تو اس معاملہ پر میٹنگ ضروری تھی تو فاروق صاحب نے پی اے جی ڈی کے لیڈراں خاص کر تاریگامی صاحب اور محبوبہ صاحبہ کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ جب آگے بھی کوئی ایسا معاملہ ہوگا تو وہ ملاقات کریں گے ۔