حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے بی جے پی کے نومنتخب رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا۔ رگھونندن راو نے پولیس کی جانب سے دائر کردہ مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کرتے ہوئے درخواست دائر کی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور سابق ارکان اسمبلی سے متعلق تمام معاملات کی سماعت چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ کر رہی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل وشنووردھن ریڈی کے اس استدلال کو قبول نہیں کیا کہ مقدمہ دائر کرنے کے موقع پر رگھونندن راؤ ایم ایل اے نہیں تھے، لہذا عدالت کو سماعت کرنی چاہئے ۔ ایک اور درخواست بی جے پی کے کارکنوں اے نریش اور جی جناردھن کی جانب سے داخل کی گئی جس پر جسٹس لکشمن نے پولیس کو ہدایت دی کہ گرفتاری کے بجائے اس معاملہ کی تحقیقات کی جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات میں مزید 12 لاکھ روپئے کی دستیابی باقی ہے۔ اس کے لئے پولیس گرفتاری کرسکتی ہے۔