بی جے پی کو کانگریس کے گڑھ میں تقویت حاصل

   

امیتھی اور رائے بریلی کے بااثر خاندان کی بی جے پی میں شمولیت
لکھنؤ ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سنجے سنگھ اور ان کی اہلیہ امیتا سنگھ اور سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجئے سیٹھ اور سریندر سنگھ ناگر نے اتوار کو یو پی بی جے پی کے صدر سواتنترا دیوسنگھ کی موجودگی میں بی جے پی میں شرکت اختیار کرلی۔ نئے ارکان کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے سواتنترا دیوسنگھ نے کہا کہ جو لیڈر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں اس سے بی جے پی کو طاقت ملے گی۔ سنجے سنگھ نے کانگریس و راجیہ سبھا کی رکنیت سے اپنی اہلیہ کے ساتھ استعفیٰ دیکر 31 جولائی کو حکمران بی جے پی میں شرکت کرلی۔ اس سے قبل وہ بی جے پی کے لیڈر تھے۔ سواتنترا دیوسنگھ نے کہا کہ بی جے پی کا سوچنے کاانداز دیگر جماعتوں سے الگ ہے۔ امیت شاہ اور نریندر مودی ملک کی ترقی اور غریبوں کی بہتری پر سوچا کرتے ہیں۔ اس خیال اور تصور نے انہیں دفعہ 370 کی منسوخی پر مائل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس ایک مشن ہے۔ سنجے سنگھ کا تعلق امیتھی کے شاہی خاندان سے ہے۔ سنجے سنگھ کا اثرورسوخ امیتھی کے علاوہ اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی پایا جاتا ہے جن میں رائے بریلی بھی شامل ہے جو سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی کا حلقہ انتخاب ہے۔