بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ استعفیٰ دینے تیار

   

اسمبلی تحلیل کرکے انتخابات کروانے چیف منسٹر کو رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ کا چیلنج
میدک۔16 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی جے پی کے رُکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت میں ہمت ہے تو اسمبلی تحلیل کرکے دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، ایسی صورت میں بی جے پی کے 8 ارکانِ پارلیمنٹ استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ کریں گے کہ کس کے ساتھ ہیں۔میدک میں بی جے پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کانگریس حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ریاستی حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی جے پی ارکانِ پارلیمنٹ استعفیٰ کیوں دیں اور دھان کی خریداری کے مسئلہ پر مرکزی وزراء کے گھروں کے سامنے احتجاج کیوں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسانوں سے دھان کی بروقت خریداری اور ادائیگی میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی جانب سے دھان خریدنے کے بعد مرکز چاول کی خریداری کرتا ہے، لیکن ابھی تک خریداری کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کانگریس حکومت کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت داخلی اختلافات اور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے منصب کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے بیانات دیں۔ اس موقع پر ریاستی ترجمان چکوٹی پروین، ضلع صدر والداس رادھا ملیشم گوڑ، سابق صدر گڈم سرینواس، ریاستی رکن عاملہ مسٹر راگی راملو،جنرل سکریٹری میدک ضلع بھاجپا مسٹر رنجیت ریڈی ، مقامی قائدین گڈم کاشی ناتھ، نائینی پرساد ، ایم ایل این ریڈی ، بلدی کونسلربھرت، سرپنچس اور بی جے پی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔