بی سی سی آئی کی جانب سے پہلے ٹسٹ کی پچ کی تصویر شائع

   

ٹرینٹ برج : رواں برس جب انگلش ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا تو میزبان ملک نے اس کا خشک اور اسپنرس کے لئے سازگار وکٹوں پر خیرمقدم کیا تھا اور اُمید کی جارہی ہے کہ اب انگلینڈ بھی رفتار اور اُچھال لینے والی وکٹوں کے علاوہ گھاس سے بھری وکٹوں پر ہندوستانی ٹیم کا استقبال کرے گی۔ بی سی سی آئی نے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا جو پہلا مقابلہ ٹرینٹ برج میں کھیلا جائے گا، یہاں کی پچ کی تصویر شائع کی ہے۔ جب کبھی دونوں ممالک کے درمیان ٹسٹ سیریز منعقد ہوتی ہے تو اس دوران وکٹیں اہم موضوع بنتی ہیں۔ بی سی سی آئی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ٹرینٹ برج کی وکٹ کی تصویر شائع کی ہے جہاں 2 دن بعد پہلا ٹسٹ شروع ہوگا۔ بی سی سی آئی نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ دیکھو پہلے ٹسٹ کی وکٹ کا یہ نظارہ۔ تصویر میں پہلے ٹسٹ کی جو پچ دکھائی دے رہی ہے اِس پر کافی گھاس موجود ہے۔ لیکن اُمید کی جارہی ہے کہ ٹسٹ مقابلے کے آغاز سے قبل اِس کی صورتحال تبدیل ہوگی جیسا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے وقت بھی ایسی ہی صورتحال تھی جہاں فائنل کے آغاز سے چند دن قبل تک پچ پر کافی گھاس تھی لیکن مقابلے کے دن اِس کی کٹائی ہوئی تھی۔ آخری مرتبہ جب ٹرینٹ برج میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوا تھا تو اس وقت ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مقابلے میں ویراٹ کوہلی نے 97 اور اجنکیا راہنے نے 81 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کے بعد ہارک پانڈیا اور جسپرت بمرا نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کے بعد ہندوستان نے انگلینڈ کو اِس مقابلے میں 203 رنز سے شکست دی تھی۔ اُمید کی جارہی ہے کہ ہندوستانی ٹیم ماضی کا مظاہرہ دہرائے گی۔