تاریخی چار مینار نوجوانوں کیلئے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کی جگہ بن گئی۔

,

   

حیدرآباد(تلنگانہ): چار سو سالہ قدیم تاریخی چارمینار ساری دنیا میں مشہور ہے۔ شہر حیدرآباد کی پہچان ہے۔ ساری دنیا سے سیاح اس کی خوبصورتی دیکھنے آتے ہیں اوراس عظیم شاہ کار کی کاری گری کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔ وہیں دوسری جانب شہر کے نوجوان اس تاریخی عمارت کے پاس ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے میں کافی محظوظ ہوتے ہیں۔ ان کی ویڈیوز کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔ چار مینار کے پاس تصویر کشی کرنا یا ویڈیو بنانے پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے جس کی بناء پر ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے والے نوجوان یہاں اچھی ویڈیو تیار کرنے لگے ہیں۔ ساری دنیا کورونا وائرس کے مہلک مرض سے پریشان ہیں۔ حکومت بارہا عوام کو گھروں میں رہنے کی تلقین کررہی ہے۔ تاجرین اپنے تجارت کو لے کر فکر مند ہیں، لیکن ہمارا نوجوان طبقہ بے فکر نظر آتا ہے۔

YouTube video

چارمینار کے دامن میں ویڈیوز بنانے میں مصروف ہے۔ کسی بھی قوم کیلئے نوجوانوں سے بڑی ہی آرز و و امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔ سیاست ڈاٹ کام کے نمائندہ محمد حسین نے جب یہاں پر متعین پولیس عملہ سے اس تعلق سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ چارمینار کے پاس کئی نوجوان ویڈیوز بناتے ہیں۔ دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی یہاں ویڈیوز بنائے جاتے ہیں۔ ہم کئی مرتبہ انہیں یہاں ویڈیوز بنانے کیلئے روکتے ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ وہ یہاں سے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں۔ان میں سے کچھ افراد سوشیل میڈیا سے وابستہ ہوتے ہیں۔ یہاں ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے والے افراد اپنے ساتھ کچھ سامان بھی لاتے ہیں جیسے کرسیاں، ٹیبل، سائیکل وغیرہ۔ یہاں پر ویڈیوز بنانے کے بعد انہیں ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹا گرام پر اپلوڈ کرتے ہیں۔چار مینار کے پاس سڑک پر کاروبار کرنے والے ایک شخص نے بتایا کہ نوجوان یہاں پر ویڈیوز بناتے ہیں۔ ویڈیو شوٹ کیلئے بعض دفعہ ہمارے پاس سے کرسی مانگ کر لیجاتے ہیں۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود ہمارا کاروبار بھی ٹھپ پڑ گیا ہے۔ اس لئے ہم بھی انہیں دیکھتے بیٹھتے ہیں۔

حیدرآبادی فلموں کے مشہور ڈائیلاگ کے علاوہ بالی ووڈ کے مختلف نغمے اور بالی ووڈ اداکاروں جیسے سلمان خان، سنجے دت، شاہ رخ خان کے مشہور ڈائیلاگس پر یہاں ویڈیوز بنائے جاتے ہیں۔ ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانے والے ایک نوجوان نے بتایا کہ چارمینار کے پاس ویڈیوز بنانے میں کوئی خراب بات نہیں ہے۔ ہم یہاں صرف چند سکینڈس کی ویڈیو بناتے ہیں اوریہاں سے چلے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹک ٹاک ہرعمر کے افراد میں کافی مقبول موبائیل ایپ ہے۔ جس کے ذریعہ سے اپنے پسندیدہ نغمہ، پسندیدہ اداکار کا ڈائیلاگ اور اپنے پسندیدہ سیاست داں کے مکالمہ پر ویڈیوز بناسکتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی حقیقت کوپہچانیں اور اپنی طاقت اور صلاحیت قوم کی بہتری کیلئے استعمال کریں۔ مشہور شاعر علامہ اقبال نے کیا خوب کہا ہے
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیریں
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا