تحریک انصاف انتخابی نشان کی برقراری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

   

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔تحریک انصاف نے پشاورہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں تھی، الیکشن کمیشن اس معاملے میں فریق نہیں بن سکتا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کیخلاف امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ، الیکشن کمیشن نے بلے کا انتخابی نشان واپس لیتے وقت شواہد کو مدنظر نہیں رکھا جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے جج نے قانون کی غلط تشریح کی جس کے باعث ناانصافی ہوئی۔پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 26 دسمبر 2023 کو عارضی ریلیف دیا گیا تھا، عارضی ریلیف سے قبل فریقین کو نوٹس دیا جانا ضروری نہیں، ناقابل تلافی نقصان کے خدشات کے تحت عبوری ریلیف دیا جاتا ہے ، پشاورہائیکورٹ کو بتایا کہ بلے کا نشان نہ ملنے سے نقصان ہو گا۔