تحفظات کی برقراری کیلئے کانگریس اقتدار ضروری ‘ بی جے پی دستور بدل دے گی

   

بی آر ایس نے تلنگانہ کیلئے مرکز سے کوئی خصوصی پیاکیج حاصل نہیں کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) ملک میں تحفظات کی برقراری کیلئے مرکز میں کانگریس کا اقتدار ضروری ہے اور اگر بی جے پی اقتدار حاصل کرتی ہے تو ایسی صورت میں بابا صاحب امبیڈکر کے دستور کو ختم کردیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج عادل آباد میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران کہا کہ ملک میں کانگریس کو اقتدار ملنے پر تحفظات میں اضافہ کی امید کی جاسکتی ہے کیونکہ کانگریس نے ملک بھر میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا ہے جبکہ بی جے پی ملک میں تحفظات کے خاتمہ کی پالیسی اختیارکئے ہوئے ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے بعد محض تحفظات کے خاتمہ کیلئے 2021 مردم شماری سے گریز کیا جبکہ ہنگامی حالات میں بھی مردم شماری سے گریز نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے 2021 میں مردم شماری نہ کروائے جانے کو تحفظات کے خاتمہ کی سمت پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ ملک میں امبیڈکر کے دستور کو ختم کرنے بی جے پی 400 نشستوں پر کامیابی کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ عادل آباد سے اب تک کسی سیاسی جماعت نے خاتون امیدوار کو میدان میں نہیں اتارا لیکن سونیا گاندھی نے عادل آباد سے خاتون امیدوارآتارم سگوناکو امیدوار بنایاہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اب عادل آباد کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھاری اکثریت سے انہیں کامیاب بنائیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے بی آر ایس و بی جے پی نے تلنگانہ عوام سے مسلسل دھوکہ کیا اور بی جے پی حکومت نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے کوئی خصوصی پیاکیج نہیں دیا اور نہ ریاست میں برسر اقتدار بی آ رایس نے تلنگانہ یا عادل آباد کیلئے کوئی پیاکیج حاصل کیا ۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار ملنے کے اندرون چند یوم حکومت نے عوام سے وعدوں کو پورا کرنا شروع کردیا اور 5 ضمانتوں پر عمل ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عادل آباد سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمنٹ نے بھی اپنے حلقہ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں تحفظات کو بچانے اور عوام کو ان کا حق دلانے کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ مرکزی و ریاستی حکومت سے تلنگانہ عوام کو دھوکہ کا سبق سکھانے بی جے پی و بی آر ایس دونوں کو مسترد کرکے کانگریس کے امیدوار وں کو کامیاب بنایا جائے۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت عوام سے وعدوں کو پورا کررہی ہے اور کانگریس نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو ملک بھر میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہو ںنے راہول گاندھی کے اعلان کا حوالہ دیا اور کہا کہ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ جس کی جتنی آبادی ہے اس کے اعتبار سے ان کی حصہ داری ہوگی اوراس کیلئے کانگریس ذات پات پرمبنی مردم شماری کروائے گی۔ انہوںنے بتایا کہ بی جے پی کو شکست کا خوف ہے اسی لئے وزیر اعظم فرقہ وارانہ منافرت پھیلارہے ہیں ۔3