میدک میں مختلف وارڈس میں سی سی سڑکوں اور ڈرینج کاموں کا سنگِ بنیاد : رکن اسمبلی
میدک ۔ 14 جولائی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک شہر کی ہمہ جہتی ترقی کی سمت ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے تقریباً 2 کروڑ 93 لاکھ روپئے کی لاگت سے شہر کے وارڈ نمبر 16، 17، 18، 19، 20، 21، 22، 23، 28، 30 اور 31 میں سی سی سڑکوں اور ڈرینج لائنوں کی تعمیراتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقع پر مختلف وارڈس کے عوام نے رکن اسمبلی کا پرتپاک استقبال کیا اور ترقیاتی منصوبوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدک کے عوام نے ان پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اس کا جواب وہ ترقیاتی کاموں کے ذریعے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ہر وارڈ کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر روہت راؤ نے تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام اور کنٹراکٹرس کو مقررہ مدت میں معیاری کام مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر نظر رکھیں اور اپنی تجاویز پیش کریں۔اس موقع پر کمشنر بلدیہ مسٹر وائٹ نوین، عوامی نمائندے، بلدیہ کونسلرس ، چیرپرسن بلدیہ رادھیکا بھوپت راج، وائس چیرمین ڈی نریش ، منصور احمد، ایم گنگادھر، سید طاہر علی ، نسرین بیگم، محمد سمیع الدین، انیس فاطمہ، امداد علی، سمپت گنٹہ ، امجد عارف، ہریتانرسنگ، کانگریس پارٹی قائدین، مختلف محکموں کے عہدیداران، مقامی عوام اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔