ترنمول قائدین کو مرکزی ایجنسیوں کی دھمکیاں : ممتا

,

   

بی جے پی میں شمولیت کیلئے دباو ۔ دو کروڑ روپئے اور پٹرول پمپ کے الاٹمنٹ کی لالچ

نئی دہلی۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج الزام عائد کیا کہ بعض مرکزی ایجنسیاں ترنمول کانگریس کے قائدین اور عوام کے منتخبہ لیڈروں کو چٹ فنڈ اسکام کے معاملات میں ماخود کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں۔ اور یہ انتباہ دیا جا رہا ہے کہ اگر انہوں نے بی جے پی کے ساتھ رابطہ قائم نہیں کیا تو انہیں جیل بھیج دی جائے گا۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے یوم شہیداں کے جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 26 جولائی کو ان کی جماعت ساری ریاست میں احتجاجی مظاہرے کریگی اور مطالبہ کرے گی کہ بی جے پی نے جو کالا دھن جمع کیا ہے۔ اسے واپس کیا جائے گا۔ بھگوا پارٹی پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ مختلف تحریصات کا ٹی ایم سی کے ارکان مقننہ کو پیشکش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمارے ارکان اسمبلی کو اپنی وفاداریاں بدلنے پر 2 کروڑ روپئے اور ایک پٹرول پمپ کی پیشکش کررہی ہے جس طرح کرناٹک میں کیا جارہا ہے۔ بی جے پی ملک میں ہر جگہ ’’ہارس ٹریڈنگ‘‘ میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کی حکومت مرکز میں زیادہ دنوں تک قائم نہیں رہے گی جس انداز میں یہ بات حکومت کررہی ہے، اس سے اس کے زیادہ عرصہ تک برسراقتدار رہنے کے امکانات کم ہیں۔ ممتا نے کہا کہ پارلیمان کی کارروائیاں جو نہایت ہی ہموار طریقہ سے جاری ہیں۔ اس کا اعزاز برسراقتدار افراد کو نہیں بلکہ حزب مخالفت کو حاصل ہوتا ہے۔